راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلے روز 5 وکٹوں پر 259 رنز بنا لیے

image

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل مکمل ہوگیا۔ قومی ٹیم نے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی بلے باز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ امام الحق 17 رنز بنا کر ہارمر کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم 16 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔ کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 رنز اسکور کیے تاہم وہ 212 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے 19 رنز بنائے۔ کھیل کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج اور سمن ہارمر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاگیسو ربادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان شان مسعود نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے آصف آفریدی کو حسن علی کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ آصف آفریدی نے 39 سال اور 299 دن کی عمر میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہیں ٹیسٹ کیپ شاہین شاہ آفریدی نے دی۔

دوسری جانب جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔ ان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، کیشو مہاراج اور مارکو جینسن کو شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US