پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہین شاہ آفریدی محمد رضوان کی جگہ قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والی ایک اہم میٹنگ میں کیا گیا جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، قومی سلیکٹرز، اور چیئرمین پی سی بی کے مشیران سرفراز احمد اور سکندر بخت شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر تفصیلی غور کیا گیا جس کے بعد ہیڈ کوچ اور سلیکٹرز نے متفقہ طور پر شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی دینے کی سفارش کی جسے چیئرمین پی سی بی نے منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ محمد رضوان کو نومبر 2024 میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابیاں حاصل کیں، تاہم حالیہ مہینوں میں ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ اسی بنا پر پہلے رضوان کو ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہٹایا گیا اور اب ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی ان سے واپس لے لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رضوان کو ہٹانے کا فیصلہ ہیڈ کوچ کی سفارش پر کیا گیا کیونکہ رواں سال کے آغاز سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نہیں آئی جب کہ حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ تین ون ڈے میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا باضابطہ اعلان اسی ہفتے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی اس سے قبل 2024 کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی کپتانی کر چکے ہیں۔