مصباح کو پی سی بی میں واپس لانے کی تیاری، کون سا اہم عہدہ ملے گا؟

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ بورڈ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے مصباح الحق کو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ افیئرز کی ذمہ داری سنبھالنے کی ترغیب دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس عہدے کے لیے باضابطہ اشتہار بھی جاری کر دیا ہے جبکہ چیئرمین کی خواہش ہے کہ ایک تجربہ کار سابق کرکٹر کو یہ ذمہ داری دی جائے۔

واضح رہے کہ مصباح الحق پہلے سے پی سی بی چیئرمین کے کرکٹ ایڈوائزری پینل کے رکن ہیں اور وہ اُس اجلاس میں بھی شریک تھے جس میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب موجودہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان والا کو پاکستان پریمیئر لیگ کے سیکرٹری کے طور پر تعینات کیے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ عثمان والا کو ایشیا کپ کے دوران اس عہدے سے معطل کیا گیا تھا بعد ازاں وہ دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال چکے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی انتظامیہ چاہتی ہے کہ مستقبل میں بین الاقوامی تعلقات اور کرکٹ امور کی نگرانی کسی ایسے سابق کھلاڑی کے سپرد کی جائے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا تجربہ رکھتا ہو اور اس حوالے سے مصباح الحق کا نام سب سے نمایاں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US