پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پنک ربن پاکستان کے ساتھ اشتراک کا اعلان کر دیا ہے۔ آگاہی مہم کے تحت راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کو خصوصی طور پر پنک تھیم دیا جائے گا تاکہ عوام میں اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔
میچ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی گلابی تھیم والی کٹس پہنے گی جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم اور میچ آفیشلز گلابی ربن لگائیں گے۔ اس کے علاوہ گراؤنڈ میں استعمال ہونے والی اسٹمپس بھی گلابی رنگ کی ہوں گی جو چھاتی کے سرطان کے خلاف یکجہتی کی علامت ہوں گی۔
نشریات کے دوران کمنٹیٹرز بھی آگاہی پیغامات شیئر کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس مرض سے متعلق ضروری معلومات پہنچائی جا سکیں۔
آگاہی مہم کے سلسلے میں پنک ربن اسپتال لاہور 28 اکتوبر کو خواتین کے لیے مفت اسکریننگ اور طبی معائنے کی سہولت بھی فراہم کرے گا تاکہ خطرے سے دوچار خواتین کو بروقت تشخیص کا موقع مل سکے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ کے ذریعے عوامی شعور اجاگر کرنا ہمیشہ سے ہماری ترجیح رہا ہے۔ معاشرتی فلاح کے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔