پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میں گلابی کٹ پہنے گی

image

پاکستان کرکٹ ٹیم چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کے تحت جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میں گلابی کٹ پہنے گی۔

پی سی بی کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کل (منگل) کو گلابی رنگ میں رنگ جائے گا جب پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر ) کے تحت "پنک ربن پاکستان" کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ چھاتی کے سرطان سے متعلق عوامی آگاہی پیدا کی جا سکے۔ یہ مہم عالمی سطح پر منائے جانے والے #PINKtober کا حصہ ہے۔

میچ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی گلابی تھیم والی کٹ پہن کر میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی، میچ آفیشلز، کوچنگ اسٹاف اور کمنٹیٹرز بھی اس مہم کی حمایت میں گلابی ربن لگائیں گے۔ میچ میں استعمال ہونے والی سٹمپس بھی گلابی رنگ کی ہوں گی۔ نشریات کے دوران کمنٹیٹرز ناظرین کو آگاہی پیغامات بھی دیں گے تاکہ بیماری سے متعلق شعور مزید اجاگر کیا جا سکے۔

مزید برآں، لاہور کے کلمہ چوک پر واقع پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ اسپتال نے اعلان کیا ہے کہ وہ 28 اکتوبر کو خواتین کے لیے مفت کلینیکل معائنہ اور اسکریننگ کی سہولت فراہم کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اپنی صحت کے بارے میں باخبر رہیں اور بروقت تشخیص ممکن ہوسکے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ یہ اقدام بورڈ کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت جاری مستقل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، نشریاتی اداروں اور شائقین کے مشکور ہیں جنہوں نے اس اہم مقصد کے لیے یکجا ہو کر تعاون کیا۔ ہماری امید ہے کہ مشترکہ کوششوں سے ہم معاشرے میں آگاہی پھیلانے اور لوگوں کو مثبت عمل کی طرف راغب کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے پی سی بی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے ذریعے اس اہم سماجی پیغام کو پورے ملک تک پہنچانا مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے۔ اس اشتراک کا مقصد قومی سطح پر چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور بروقت تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ عمر آفتاب نے مزید کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو پوری قوم کو متحد کرتا ہے اور آج یہ ہمیں ایک زندگی بچانے والے مقصد کے لیے اکٹھا کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US