پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کی خدمات مزید جاری نہ رکھنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اُن کی جگہ نئے کوچ کی تقرری پر غور ہو رہا ہے۔
اسی سلسلے میں سابق کپتان بسمہ معروف کا نام امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام اور بسمہ معروف کے درمیان ابتدائی سطح پر بات چیت ہوئی ہے تاہم تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مزید یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پی سی بی نے ایک غیر ملکی کوچ سے بھی رابطے کیے ہیں اور دونوں آپشنز زیرِ غور ہیں۔
بسمہ معروف نے پاکستان کی جانب سے 100 سے زائد میچز کھیلے اور کئی برسوں تک بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث ٹیم کا اہم ستون رہی ہیں۔ وہ 2023 کے آخر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق خواتین کرکٹ کی قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ یہ تمام فیصلے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کیے جا رہے ہیں جہاں بارش کے باعث بھارت اور بنگلادیش کا میچ منسوخ ہونے کے نتیجے میں آٹھ ٹیموں میں سے پاکستان آخری پوزیشن پر رہی۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہ جیت پائی جس پر پی سی بی چیئرمین نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔