انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق میچ ریفری کرس براڈ نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر دباؤ ڈالا جارہا تھا کہ بھارت کی ٹیم پر کوئی سلو اوور ریٹ پر جرمانہ نہ کریں۔
کرس براڈ جنہوں نے کئی سال انگلینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کی انہوں نے ایک انٹرویو میں مزید انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی ہمیشہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے تھے اور وارننگ کے باوجود ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا تھا۔
براڈ کا کہنا تھا کہ ایک میچ کے دوران جس میں بھارت کی ٹیم کھیل رہی تھی اور اوورز کے معاملے میں بہت پیچھے تھی ان کو ایک ٹیلی فون کال آئی جس میں ان سے کہا گیا کہ آپ بھارت کی ٹیم پر ہلکا ہاتھ رکھیں اور ان پر کوئی جرمانہ نہ کریں۔
براڈ کیس کے انکشاف سے ان باتوں کو تقویت ملتی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے پیسوں کے اور پوزیشن کا اثر ورسوخ استعمال کرکے اپنی ٹیم کو فائدہ دلانے کے لیے آئی سی سی کے آفیشلز پر دباؤ ڈالتا ہے۔
براڈ نے مزید کہا کہ ایک وقت میں تو بھارت کی ٹیم اوورز کے اتنے پیچھے تھی کہ جب ان کے پاس کال آئی تو انہوں نے کہا کہ اب بتاؤ میں کیا کروں؟ تو ان سے کہا گیا ہے جو بہتر سمجھتے ہو کرو۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس وقت دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ اثر رسوخ رکھنے والا اور امیر ترین بورڈ مانا جاتا ہے اور ہر سال کوئی نہ کوئی آئی سی سی ایونٹ بھارت میں کیا جاتا ہے۔