خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خودکش بمبار نے پولیس موبائل کو نشانہ بنادیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تجوڑی کے قریب کٹوخیل اڈا میں پولیس موبائل کے قریب خودکش بمبار نے آکر خود کو اڑایا ہے۔
فوری طور پر ایک سپاہی کے شہید اور پانچ کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جائے وقوعہ پر خودکش بمبار کے اعضا بکھرے پڑے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اہلکار نے جان کی قربانی دے کر شہادت حاصل کی، پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔