ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ گردوں کی کمزوری یا بیماری کی ابتدائی علامات آنکھوں پر بھی ظاہر ہو سکتی ہیں، اور ان نشانات کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ گردے جسم میں خون کو صاف کرنے اور مضر مادوں کو خارج کرنے کا اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن جب وہ صحیح طریقے سے کام کرنا بند کر دیتے ہیں تو یہ صرف جسمانی صحت پر ہی نہیں بلکہ بینائی اور آنکھوں کی صحت پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں اور اکثرنتیجہ ڈائیلاسز یا لمبے چوڑے علاج کی صورت میں نکلتا ہے۔
آنکھوں کے نیچے یا اوپری پلکوں پر سوجن گردوں کی کمزوری کی سب سے عام اور واضح علامت ہے۔ ماہرین کے مطابق جب گردے خون میں موجود پروٹین، خاص طور پر البومین، کو برقرار نہیں رکھ پاتے تو پروٹین پیشاب کے ذریعے خارج ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس سے جسم میں پانی جمع ہونے لگتا ہے اور آنکھوں کے اردگرد سوجن نمودار ہوتی ہے۔ چونکہ آنکھوں کے اردگرد کی جلد نہایت نازک ہوتی ہے، یہ سوجن سب سے پہلے یہاں ظاہر ہوتی ہے، اس لیے اگر یہ حالت برقرار رہے تو فوراً معالج سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
آنکھوں میں مسلسل خارش یا سرخی بھی گردوں کی خرابی کی ایک اہم علامت ہو سکتی ہے۔ جب گردے متاثر ہوتے ہیں تو خون میں یوریا اور دیگر زہریلے مادے بڑھ جاتے ہیں، جو جسم کے مختلف حصوں، خصوصاً آنکھوں میں جمع ہو کر خارش اور جلن پیدا کرتے ہیں۔ اس کیفیت کو طبّی طور پر یوریمک پروریٹس (Uremic Pruritus) کہا جاتا ہے۔
بینائی کا اچانک دھندلا ہونا بھی گردوں کی کمزوری سے جڑا ہو سکتا ہے، کیونکہ گردوں کی بیماری ہائی بلڈ پریشر پیدا کر سکتی ہے یا پہلے سے موجود دباؤ کو بڑھا دیتی ہے۔ بڑھتا ہوا بلڈ پریشر آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود باریک خون کی نالیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے ریٹینوپیتھی جیسی پیچیدہ حالت پیدا ہو سکتی ہے۔
مزید برآں، آنکھوں میں خون آنا یا سفید حصے پر سرخ دھبے ظاہر ہونا بھی گردوں کی شدید خرابی کی علامت ہے۔ ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے آنکھ کی چھوٹی خون کی نالیاں پھٹ سکتی ہیں، جس سے خون رسنے لگتا ہے یا سرخ دھبے نمودار ہوتے ہیں۔
ماہرین صحت تاکید کرتے ہیں کہ گردوں کی کمزوری یا بیماری کی کسی بھی علامت کو معمولی نہ سمجھیں۔ بروقت طبی معائنہ اور علاج سے گردوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکتا ہے اور آنکھوں کی صحت کو بھی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
گردوں کی خرابی کی آنکھوں میں نمایاں علامات
سوجن : آنکھوں کے نیچے یا اوپری پلکوں میں، جسم میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے
خارش اور سرخی: خون میں یوریا کے بڑھنے کی وجہ سے، جسے یوریمک پروریٹس کہتے ہیں
بینائی کا دھندلا ہونا: ہائی بلڈ پریشر کے اثرات سے، ریٹینوپیتھی کا خطرہ
آنکھوں میں خون یا سرخ دھبے: چھوٹی خون کی نالیوں کے پھٹنے سے
یہ علامات ابتدائی طور پر نظرانداز کی جا سکتی ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق فوری تشخیص اور علاج گردوں اور آنکھوں کی صحت کے لیے ضروری ہے۔