نادرا نے شہریوں کے لیے گاڑیوں کی ملکیت آن لائن منتقل کرنے کا عمل آسان کر کے ایک بڑی سہولت فراہم کر دی ہے۔ اب اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑی کی ملکیت کسی دوسرے فرد کے نام پر منتقل کرنے کے لیے نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق کی جا سکتی ہے، جس سے فزیکلی دفتر جانے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔
سب سے پہلے اپنے موبائل پر پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اکاؤنٹ رجسٹر کریں اور لاگ ان کریں۔ ہوم اسکرین پر Apply Digital Cards میں ICT Vehicle پر جائیں، جہاں آپ کے نام پر رجسٹر تمام گاڑیوں کی فہرست دکھائی دے گی۔ جس گاڑی کی ملکیت منتقل کرنی ہو، اس پر Transfer Now پر کلک کریں اور پھر Verify Applicant Facial سے چہرے کی تصدیق کریں۔ فوٹو لینے کے بعد Apply پر کلک کریں اور Verify Applicant Fingerprint کے ذریعے انگلیوں کی تصدیق مکمل کریں۔
اس کے بعد Application Details میں خریدار کا CNIC نمبر درج کریں اور Application Processing Category میں Executive منتخب کریں، جس کے بعد فیس ظاہر ہوگی۔ Submit Application کرنے کے بعد Tracking ID اور PIN Code آپ کی ہوم اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، جسے خریدار کے ساتھ شیئر کریں۔ خریدار اپنی ایپ میں لاگ ان ہو کر Govt Services میں Vehicle Transfer منتخب کرے، Tracking ID اور PIN Code درج کرے، اور Get Details پر کلک کرے۔
تفصیلات چیک کرنے کے بعد خریدار بھی چہرہ اور فنگر پرنٹس کے ذریعے بائیو میٹرک ویریفکیشن مکمل کرے گا، پھر Done پر کلک کرنے سے سیلر کی اسکرین پر Status اپڈیٹ ہو جائے گا۔ درخواست منظور ہونے کے بعد Pay Now کے ذریعے Easy Paisa، Raast، E Sahulat، JazzCash یا کارڈ کے ذریعے فیس ادا کی جا سکتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بعد ID Vault میں بائیو میٹرک رسید ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، جو My Documents کے Vehicle Transfer فولڈر میں محفوظ ہو جائے گی۔ آخر میں خریدار یہ رسید اور دیگر ضروری دستاویزات Excise and Taxation Office Islamabad میں جمع کرائے گا تاکہ گاڑی کے ٹرانسفر کا عمل مکمل ہو سکے۔