دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 136 رنز پر پوری ٹیم کو آؤٹ کروایا۔ بھارت کی جانب سے سوریا ونشی نے 48 اور نمندھیر نے 35 رنز بنائے۔ ابتدائی 10 اوورز میں بھارت نے 93 رنز بنا لیے تھے لیکن بعد میں پاکستان کے اسپنرز نے میچ کا رخ بدل دیا اور بھارت کی وکٹیں تیزی سے گریں۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز نے 3 وکٹیں جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بہترین رہا۔ معاذ صداقت اور محمد نعیم نے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 79 رنز ناٹ آؤٹ بنائے،جن میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ دیگر بیٹرز میں محمد نعیم نے 14، یاسر خان نے 11 اور محمد فائق نے 16 رنز بنائے۔
پاکستان نے 13.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر کے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ یہ فتح اس لیے بھی اہم ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں بھارت مختلف لیول کی کرکٹ میں پاکستان پر حاوی رہا تھا مگر اس بار پاکستان نے واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔