علیمہ خان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

image

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور دیگر 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں علیمہ خان ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ مسلسل غیرحاضری پر عدالت نے دسویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

سماعت کے دوران پنجاب ریونیو بورڈ نے علیمہ خان کی جائیداد سے متعلق 38 اضلاع کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق ضلع بھکر میں 51 کنال 16 مرلے اراضی،ضلع لاہور کے موضع میاں میر میں 1 کنال 4 مرلے،موضع نور پور کمبواں لاہور میں 1 کنال،تحصیل رائے ونڈ موضع سلطان میں 64 کنال 14 مرلے،ضلع میانوالی میں 217 کنال 5 مرلے،شیخوپورہ میں 4 کنال 13 مرلے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر پنجاب کے 4 اضلاع میں علیمہ خان کے نام 338 کنال اراضی درج ہے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان کی مستقل غیرحاضری کے باعث ان کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔ پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ عدالت کے حکم پر علیمہ خان کے مختلف بینکوں میں موجود 37 اکاؤنٹس پہلے ہی فریز کیے جا چکے ہیں جبکہ آج مزید 15 اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو تعمیل کی ہدایت کر دی۔ وارنٹس عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے جاری کیے گئے۔

سماعت کے دوران گواہان تو عدالت میں موجود تھے لیکن ملزمہ اور ان کے وکلا کی عدم پیشی کے باعث شہادت ریکارڈ نہ ہو سکی۔ عدالت نے مزید کارروائی 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ مقدمے میں علیمہ خان پر جلاؤ گھیراؤ، کارِ سرکار میں مداخلت اور کارکنوں کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے کے الزامات شامل ہیں جو تھانہ صادق آباد میں درج کیے گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US