اسلام آباد میں ڈانس پارٹی پر پولیس کا چھاپہ، 100 کے قریب مرد و خواتین زیرحراست

image

وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے ایف-11 میں قائم ابو ظہبی ٹاور میں مبینہ ڈانس پارٹی پر پولیس نے حساس اداروں کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بڑا آپریشن کیا۔ ایس پی صدر ڈویژن سید کاظم نقوی کی نگرانی میں مارے گئے چھاپے میں 100 کے قریب مرد و خواتین کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 60 سے زائد کو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے رپورٹ دی تھی کہ ایف-11 کے مختلف ٹاورز میں روزانہ کی بنیاد پر ڈانس پارٹیز اور مشکوک سرگرمیاں ہورہی ہیں۔ ان تقریبات میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں، اور یہ سرگرمیاں رات گئے تک جاری رہتی ہیں۔

مذکورہ اطلاعات پر مارے گئے چھاپے کے دوران پولیس نے اپارٹمنٹ، لابی اور پارکنگ سے درجنوں افراد کو پکڑا جبکہ متعدد افراد مختلف راستوں سے بھاگ نکلے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو فرار ہونے والوں کی ویڈیوز بھی مل گئی ہیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایف-11 کے ٹاورز میں ہونے والی ان سرگرمیوں کو تھانہ شالیمار کے ایک پولیس افسر کی مبینہ سرپرستی حاصل تھی، جو منتظمین سے باقاعدگی سے "وصولی" کرتا رہا۔ اسی وجہ سے یہ سرگرمیاں طویل عرصے تک بغیر کسی روک ٹوک جاری رہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ رپورٹ موصول ہوتے ہی ایس پی صدر سید کاظم نقوی نے تھانہ شالیمار کے چند منتخب اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور رات گئے اچانک کارروائی کا فیصلہ کیا، جس سے پارٹی میں موجود افراد بدحواس ہوگئے۔

چھاپے کے دوران پولیس نے فلیٹ سے تیز آواز میں میوزک بجانے والے آلات، ڈانس فلور سیٹنگ، ممنوعہ مشروبات، مشکوک سامان برآمد کرکے تحویل میں لے لیا ہے۔

گرفتار افراد کو مختلف تھانوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والوں کی شناخت کیلیے سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل ڈیٹا اور انٹری ریکارڈ کا بھی جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ مبینہ ’منتھلی‘ لینے والے پولیس افسر کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

شہریوں نے رہائشی عمارت میں اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مزید مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US