اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان سے بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے منشیات کی کھیپ ضبط کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق فورس نے پنجگور کے علاقے میں ایک بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی کے بعد ایم 8 گوادر سی پیک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایل پی جی گیس کنٹینر ٹرک کو روکا اور تلاشی کے دوران 553.5 کلو گرام آئس اور 40 کلو گرام ہیروئن برآمد کی، جنہیں روٹ تبدیل کرتے ہوئے بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 154.15 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔
اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کے دو کارندے گرفتار کرلیے گئے جبکہ بدنام اسمگلر علی جان کی سربراہی میں چلنے والا گروہ افغانستان سے منشیات لا کر پنجگور، تربت، گوادر اور پسنی کے راستے یمن، تنزانیہ سمیت دیگر ممالک تک اسپیڈ بوٹس اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اسمگل کرتا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے خشکی پر کی جانے والی سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ مزید ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔