کراچی کے علاقے گلشن اقبال عابد ٹاؤن میں گھر سے تین خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھر کے اندر سے ایک مرد بھی تشویشناک حالت میں ملا ہے، جسے اسپتال روانہ کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا، 19 سالہ ثمرین کے ناموں سے ہوئی جبکہ مرد کا نام 30 سالہ یاسین بتایا گیا، وجہ موت کی کوئی ظاہری وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئی ہیں، اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس نے ابتدائی طور پر بتایا کہ چونکہ تینوں خواتین کی لاشوں پر زخم کے نشانات موجود نہیں، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ زہریلی گیس سے گھر میں موجود افراد کی اموات ہوئی ہیں، تاہم ضابطے کی کارروائی کے بعد وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھر کے اندر مرد بھی نیم بے ہوشی کی حالت میں ملا ہے، جو بیان دینے کے قابل نہیں ہے، پولیس واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔