شکارپور میں 26 لاکھ روپے کی ڈکیتی، تاجروں کا انڈس ہائی وے پر دھرنا

image

شکارپور میں اناج منڈی کے تاجر ایک بار پھر ڈاکوؤں کے نشانے پر آگئے، 8 ڈاکوؤں نے دکان پر دھاوا بول کر 26 لاکھ روپے لوٹ لیے، ڈکیتی کے خلاف تاجر برادری نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا۔

واقعات کے مطابق اناج منڈی میں 8 مسلح افراد نے تاجر منیر بھیو کی دکان پر دھاوا بولا، چار موٹرسائیکلوں پر سوار ڈاکو جدید اسلحہ سے لیس تھے، جنہوں نے تاجر سے 26 لاکھ روپے نقدی چھینی اور فرار ہوگئے۔

متاثرہ تاجر نے تھانہ اسٹورٹ گنج میں واقعہ کی رپورٹ درج کرادی۔ واردات کے بعد تاجروں میں شدید عدم تحفظ کی لہر پائی جاتی ہے۔

صدر اناج منڈی سمیع اللہ شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم واپس دلائی جائے۔

دوسری جانب لوٹ مار کی وارداتوں سے پریشان تاجر برادری نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا، اور لاڑکانہ–جیکب آباد انڈس ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی، مشتعل تاجروں نے ٹائر نذر آتش کرکے روڈ بلاک کیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

تاجروں کے طویل دھرنے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، گاڑیوں میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ منیر بھیو سے چھینی گئی رقم واپس دلائی جائے اور ڈاکوؤں کی فوری گرفتار کیا جائے، انھوں نے مزید کہاکہ شہر میں بڑھتی وارداتوں نے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے، پولیس سیکیورٹی بہتر بنائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی تیز کرے۔

ایس ایچ او اسٹور گنج کا کہنا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US