ناگن چورنگی کے قریب سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مشتعل افراد نے ڈرائیور کو زدوکوب کیا اور ڈمپر کو جلانے کی کوشش کی تاہم پولیس کے پہنچنے پر یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔
واقعات کے مطابق ناگن پل کے نیچے تیز رفتار ڈمپر کے ٹائروں تلے آنے والی موٹرسائیکل کا سوار جاں بحق ہوگیا، موقع پر موجود لوگ دلخراش منظر دیکھ کر اشتعال میں آگئے اور ڈمپر پر پتھراؤ کرکے شیشیے توڑ دیے اور ڈرائیور کو پکڑ کر شدید زدوکوب کیا۔
اس دوران مشتعل افراد نے حادثے کے ذمہ دار سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ڈمپر کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس کے پہنچنے پر ڈمپر جلنے سے بچ گیا۔
بعدازاں پولیس نے زخمی ڈرائیور کو لوگوں کے چنگل سے نکال کر حراست میں لینے کے بعد علاج معالجہ کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق شخص کی لاش بھی ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔