بھارت کو فائنل میں عبرتناک شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم ٹائٹل کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر رات گئے کھلاڑیوں کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد قومی شاہینوں کا استقبال کرنے پہنچ گئی۔
ایئرپورٹ پر فاتح کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، بھنگڑے ڈالے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ ٹیم کے استقبال کے موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود رہے۔ بعد ازاں تمام کھلاڑیوں کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے جس میں بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، جس میں سمیر منہاس کی شاندار 172 رنز کی دھواں دار اننگز شامل تھی۔ سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے اور وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔
348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 جبکہ سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے دوسری مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اس سے قبل 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔