پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان سرفراز احمد نے بطور مینٹور اپنا پہلا بڑا ٹورنامنٹ جیت کر ایک بار پھر اپنی شاندار قیادت کا لوہا منوا لیا۔ انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں سرفراز احمد کی مینٹورشپ میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ سنہری یادوں اور یادگار لمحات سے بھری پڑی ہے، تاہم قومی ٹیم کے کامیاب کپتانوں میں سرفراز احمد کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ سرفراز احمد اس سے قبل بطور کپتان دو مرتبہ آئی سی سی ایونٹس کے فائنل میں بھارت کو شکست دے چکے ہیں اور اب بطور مینٹور بھی بھارت کے خلاف فتح حاصل کر کے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے۔
ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں سرفراز احمد کی رہنمائی میں پاکستانی کھلاڑی بھارت پر ہر شعبے میں حاوی نظر آئے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس سے قبل سرفراز احمد 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو تاریخی فتح دلا چکے ہیں، جہاں فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی پاکستان کے نام کی گئی تھی۔
اسی طرح سرفراز احمد کی قیادت میں 2006 میں پاکستان نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی بھارت کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ان کامیابیوں کے بعد یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بڑے ایونٹس کے فائنلز میں بھارت کو شکست دینا سرفراز احمد کی پہچان بن چکا ہے اور وہ بھارتی ٹیم کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے ہیں۔
اگرچہ سرفراز احمد 38 برس کی عمر کو پہنچ چکے ہیں، تاہم انہوں نے اب تک بین الاقوامی کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک بار پھر گرین شرٹس میں نظر آ سکتے ہیں۔
سرفراز احمد کی قیادت اور رہنمائی پر انڈر 19 کرکٹر علی رضا نے بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بھائی ہمارے مینٹور ہیں، وہ چیمپئنز ٹرافی جیت چکے ہیں اور کیمپ میں جو سیکھا تھا، ہم نے میدان میں آ کر وہی کر کے دکھایا۔