سکھر کے مضافات میں پولیس اسٹیشن پٹنی کی حدود میں عبد القادر نامی ملزم سے 100 سے زائد ذبح شدہ کامن مینا اور بیبلر برآمد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف سندھ وائیلڈ لائیف پروٹیکشن ایکٹ 2020 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پرندے حلال تصور نہیں کیے جاتے اور پنجاب اسمگل کیے جانے والے تھے۔
اسی طرح تھرپارکر میں بھورے تیتر کے غیرقانونی شکار کے الزام میں خمیسو خان اور عثمان علی پر کرمنل کیس درج کر کے عدالت پیش کیا گیا۔ ضلع تھرپارکر میں شکار پر سال بھر پابندی ہے اور قانون شکنی کی صورت میں مقدمات سندھ وائیلڈ لائیف پروٹیکشن ایکٹ 2020 کے تحت درج کیے جاتے ہیں۔
اب تک 68 مقدمات میں سے 56 میں سندھ وائیلڈ لائیف ڈپارٹمنٹ کامیاب رہا، اور 19 کے قریب مقدمات میں ملزمان پر 56 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کر کے خزانے میں جمع کرایا گیا ہے۔