کرکٹ آسٹریلیا نے 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق نوجوان آف سپنر ٹڈ مورفی اور تیز گیندباز جے رچرڈسن کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ تجربہ کار سپنر نیتھن لائن اور کپتان پیٹ کمنز کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ نیتھن لائن کو تیسرے ٹیسٹ کے دوران ایڈلیڈ میں ہیمسٹرنگ انجری ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں سرجری کی ضرورت ہے ۔ ٹڈمورفی جو اس سے قبل فروری 2023 میں سری لنکا کے دورے کے دوران آخری بار ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں اب ان کے لیے اپنے وطن میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا سنہری موقع ہے۔
دوسری جانب مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز نے اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد اپنی ذمہ داریوں کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے اس ٹیسٹ میں قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سٹیو سمتھ کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جے رچرڈسن بھی اپنی واپسی کے لیے تیار ہیں۔ انہیں 2021 کے ایشز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں موقع نہیں ملا تھا تاہم رواں سال انہوں نے اپنے کندھے کی تیسری سرجری کے بعد فارم میں واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ لائنز کے خلاف 5 وکٹوں کی شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لئے آسٹریلوی سکواڈ میں سٹیو سمتھ (کپتان)، سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، برینڈن ڈاگٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین ، ٹڈ مورفی، مائیکل نیسر،جے رچرڈسن، مچل سٹارک، جیک ویترلڈ اور بیو ویب سٹر شامل ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔