بھارت کی جانب سے فاسٹ بالرز کی کوچنگ کے لیے رابطہ کیا گیا، عاقب جاوید کا انکشاف

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی قومی کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان سے بھارتی فاسٹ بالرز کی رہنمائی کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ چند روز قبل بھارت کی طرف سے ان سے رابطہ کیا گیا تھا تاکہ پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے تحت بھارتی فاسٹ بولرز کی کوچنگ کی جا سکے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

جب عاقب جاوید سے موجودہ کشیدہ پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں اس رابطے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بیک چینل سے جو کام ہونے ہوتے ہیں وہ ہو جاتے ہیں۔

عاقب جاوید کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع کیے گئے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے تحت بھارت کی جانب سے رابطہ کیا گیا جو اس پروگرام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت انگلینڈ اور نیدرلینڈ کے کھلاڑی بھی پاکستان آ کر ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اوورسیز پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستانی کوچز کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دیگر ممالک کے کوچز کے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لے سکیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی کا یہ اوورسیز پلیئرز پروگرام مستقبل میں مزید ممالک کے کھلاڑیوں کو پاکستان کی طرف راغب کرے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کی کوچنگ صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US