پی سی بی آج پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے خریداروں کی فائنل فہرست جاری کرے گا

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آج پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کے لیے ابتدائی بولی دینے والی پارٹیوں کی جانچ پڑتال مکمل کر کے خریداروں کی فائنل فہرست تیار کرے گا۔

پی سی بی کے مطابق دو روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اب تک 12 پارٹیوں نے ابتدائی بولی کے لیے اپنے دستاویزات جمع کرائے ہیں جن میں پانچ غیر ملکی پارٹیاں بھی شامل ہیں۔ بورڈ آج ان تمام پارٹیوں کی مالی اور تکنیکی قابلیت کا جائزہ لے کر ان اداروں کی فہرست مرتب کرے گا جو 8 جنوری کو ہونے والی حتمی بولی میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیمیں اگلے 10 سیزنز تک لیگ کا حصہ رہیں گی، جن کے لیے ایک ٹیم کی ریزرو پرائس تقریباً 130 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ پی سی بی کو توقع ہے کہ نئی ٹیموں کے لیے ریزرو پرائس سے کہیں زیادہ بولیاں موصول ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جو 3 مئی تک جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US