خیبر پختونخوا: نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات

image

35 ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد ترند تھے۔ مہمانِ خصوصی نے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 6 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کے لیے 4 لاکھ روپے جبکہ براؤنز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے نقد انعامات کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس تاشفین حیدر، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہمایوں ظفر، سیکریٹری صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ، شاہ فیصل، جمشید بلوچ سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تاج محمد ترند نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان ہیروز نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے صوبے کا نام روشن کیا ہے، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری میں چترال میں آئس ہاکی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جبکہ اسی ماہ انڈر 21 گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2026 میں بین المدارس اور اقلیتی برادری کے لیے خصوصی گیمز کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے جونیئر گیمز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ثقافت اور علاقائی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔ تاج محمد ترند نے مزید کہا کہ قائد اعظم گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو بھی وظائف دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو سردی اور گرمی دونوں موسموں کے لیے موزوں بنایا جا رہا ہے جبکہ ایتھلیٹکس ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے 35 ویں نیشنل گیمز میں گزشتہ مقابلوں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ کے لیے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت جاری رکھیں، سپورٹ اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اور تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں منعقدہ 35 ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا نے مجموعی طور پر 5 گولڈ، 18 سلور اور 46 براؤنز میڈلز کے ساتھ 69 میڈلز حاصل کیے۔ خیبر پختونخوا نے کراٹے، باڈی بلڈنگ، ٹیبل ٹینس، سیلنگ اور جوڈو میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ تائیکوانڈو، اسکواش، فینسنگ، ووشو اور باکسنگ میں سلور میڈلز جیتے۔ اسی طرح ہینڈ بال، بیس بال، ویٹ لفٹنگ، کبڈی، ریسلنگ، ایتھلیٹکس اور ٹینس میں براؤنز میڈلز اپنے نام کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US