پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن میں وہی ملتان سلطان کی باگ ڈور سنبھالے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کردیا کہ ٹائم کی قلت کی وجہ سے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے سال کے پی ایس ایل میں وہی ملتان سلطان کی مینجمنٹ کو دیکھے گی۔ ہم 10 دن کے اندر اندر کسی کرکٹر کو ملتان سلطان کے معاملات دیکھنے کے لیے تقرر کریں گے اور اس کے بعد وہ اپنی ٹیم بنا کر سارے معاملات دیکھے گا اور پی سی بی ان کی رہنمائی کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کے بعد پی سی بی ملتان سلطان کو نہیں دیکھے گا اور اسے نئے مالکان کے حوالے کر دے گا۔ پاکستانی حکومت کے کچھ قوانین ہیں جس کی وجہ سے ہمارے پاس اتنا ٹائم نہیں تھا کہ ہم ملتان سلطان کی نیلامی کرتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملتان سلطان کے سابق مالک علی ترین اگر دو نئی ٹیموں کی نیلامی میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو کرکٹ بورڈ کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ علی ترین نے ملتان سلطان کے ساتھ بہت اچھا کام کیا جو بھی ان کے ساتھ معاملات تھے وہ اب ماضی کا حصہ ہے اور اگر وہ دو نئی ٹیموں کے نیلامی میں حصہ لے رہے ہیں تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے۔
یاد رہے کہ علی ترین نے کچھ ہفتے پہلے ہی ملتان سلطان کی ملکیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جب ان کے پی سی بی کے ساتھ معاملات ٹھیک نہیں ہوئے۔ علی ترین کو شکایت یہ تھی کہ کرکٹ بورڈ نے ان کو موقع ہی نہیں دیا کہ وہ ملتان سلطان کی ٹیم کے لیے اگلے 10 سال کے لیے بورڈ کے ساتھ نیا کنٹریکٹ کرسکیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 11 مارچ کی 26 تاریخ کی جگہ شاید 23 مارچ کو شروع کردیا جائے گا جو پاکستان ڈے ہوتا ہے اور پاکستانیوں کے لیے ایک اہمیت کا حامل ہے۔