سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کی جانب سے کم عمر بلوچ بچی کو خودکش حملہ آور بنانے کی سازش ناکام بنا دی گئی۔ بچی کو 25 دسمبر کی شب حساس انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بحفاظت گرفتار کیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ دہشت گرد سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں اور کم عمر لڑکیوں کو ذہنی طور پر تیار کر کے ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
متاثرہ بچی اور اس کی والدہ نے شناخت مخفی رکھتے ہوئے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ نفرت انگیز مواد اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے خودکش حملے کے لیے اکسیائی جا رہی تھی لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے اس کی جان بچا لی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گرد نیٹ ورک کے سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ اس طرح کے دہشت گردانہ جال میں نہ پھنسیں۔