ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے احکامات پر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران سیکٹر 5 ایف نیو کراچی میں دورانِ گشت مشکوک افراد کی چیکنگ کی گئی جس میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے موٹر سائیکل کے مختلف پرزہ جات برآمد کیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موٹر سائیکل کا چیسس نمبر بھی چوری شدہ نکلا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری کارروائی میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 5 جی سے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت شہروز ولد نظیر الدین کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک چھینا ہوا موبائل فون برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ موبائل فون بھی سی پی ایل سی ریکارڈ کے مطابق اسنیچنگ کے مقدمے میں مطلوب نکلا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔