کھلاڑیوں کا ڈیلی الاؤنس تنازع: پاکستان ہاکی ٹیم نے فروری کے میچز میں شرکت سے انکار کر دیا

image

پاکستان ہاکی ٹیم کے تقریباً تمام بڑے کھلاڑی فروری میں ہونے والے ایف آئی ایچ پرو لیگ ہاکی کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے سے انکار کر چکے ہیں، جس کی بنیادی وجہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مالی تنازعات ہیں۔

کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ دسمبر میں ارجنٹینا میں ایف آئی ایچ پرو لیگ کے پہلے مرحلے کے دوران انہیں یومیہ 30 ہزار روپے (تقریباً 110 ڈالر) کا ڈیلی الاؤنس دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن پچھلے ہفتے ان کے بینک اکاؤنٹس میں صرف 11 ہزار روپے (تقریباً 40 ڈالر) جمع کرائے گئے، جس پر کھلاڑی کافی ناراض ہیں۔ ایک سینئر کھلاڑی کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موقف ہے کہ چونکہ ٹیم کو ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دونوں مرحلوں کے لیے بھیجنے کا خرچ پاکستان اسپورٹس بورڈ برداشت کر رہا ہے اس لیے دیے گئے ڈیلی الاؤنسز پی ایس بی کے قوانین کے مطابق ہیں۔ قوانین کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کو یومیہ 40 ڈالر ملتے ہیں۔

پاکستان ہاکی کپتان عماد بٹ نے کہا کہ یہ مسئلہ فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ کے درمیان ہے اور کھلاڑیوں کو نقصان کیوں ہونا چاہیے۔ انہوں نے دونوں اداروں سے اپیل کی کہ وہ معاملہ حل کریں کیونکہ 11 اور 30 ہزار روپے میں بہت بڑا فرق ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے واضح کر دیا ہے کہ اگر یہ مسئلہ ان کی مرضی کے مطابق حل نہ ہوا تو وہ فروری میں ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دوسرے مرحلے اور اسٹریلیا میں ہونے والے میچز میں حصہ نہیں لیں گے۔ دوسری جانب پی ایس بی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کھلاڑیوں کے ٹکٹ اور ہوٹل کے خرچ سمیت پیسے ادا کر دیے ہیں اور اگر ہاکی فیڈریشن چاہے تو باقی ڈیلی الاؤنسز کا فرق بھی ادا کیا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US