راشد نسیم نے 2025 میں 25 عالمی ریکارڈز بنا کر پاکستان کے لیے نئی تاریخ رقم کی

image

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی راشد نسیم نے 2025 میں ایک سال کے دوران 25 عالمی ریکارڈز بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی اور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ریکارڈ بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز برقرار رکھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے آفیشل ڈیٹا اور ویب سائٹ کے مطابق، 2025 میں پاکستان کے مجموعی 43 عالمی ریکارڈز گنیز میں شامل ہوئے جن میں سے 25 ریکارڈز راشد نسیم کے نام ہیں، جبکہ 43 میں سے 31 ریکارڈز راشد نسیم کی فیملی کے نام درج ہوئے۔

راشد نسیم نے 2025 میں اسکپنگ، ننچکو، ماربل ٹائل بریکنگ، باکسنگ پنچ اور وال نٹ بریکنگ جیسی کیٹیگریز میں کئی عالمی ریکارڈ قائم کیے۔ اس کے علاوہ راشد نسیم کی صاحبزادی فاطمہ نسیم نے 4 ریکارڈز، اہلیہ صبا راشد نے ایک اور والد نسیم الدین (عمر 73 سال) نے ایک ریکارڈ قائم کیا۔

راشد نسیم نے اس سال اٹلی، رومانیہ اور اسپین میں ہونے والے ورلڈ ریکارڈ شوز اور ٹیلنٹ شوز میں بھی شرکت کی اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کیا۔

پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والے دیگر کھلاڑیوں میں عرفان محسود کے 6، محمد ارشد کے 2 اور سفیان، وجاہت، شاہ زیب، عبدالباسط اور ایک نجی کمپنی کے ایک ایک ریکارڈز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2024 میں بھی راشد نسیم کے 28 سے زائد عالمی ریکارڈز منظور ہوئے تھے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی منظوری کا عمل تقریباً تین ماہ پر محیط ہوتا ہے اس لیے متعدد کھلاڑیوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ یہ تمام معلومات گنیز ورلڈ ریکارڈ کے آفیشل ڈیٹابیس سے حاصل کی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US