کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونِ خصوصی اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وزیر خزانہ نے ڈاکٹر شمشاد اختر کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں متعارف کرائے گئے ادارہ جاتی اور ٹیکس اصلاحات آج بھی ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہیں۔
ای سی سی نے بعد ازاں ایجنڈا آئٹمز پر غور کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کے لیے شاندار بین الاقوامی کارکردگی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں۔
اجلاس میں دفاعی ضروریات کے پیشِ نظر بُلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے بھی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔