عارف حبیب کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کنسورشیم نے ابتدا میں قومی ایئر لائن کا نام ” ائر پاکستان“ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اس فیصلے پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نام کی تبدیلی کے فیصلے کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی کہ تکنیکی طور پر دنیا بھر کے مختلف ایئرپورٹس پر لینڈنگ رائٹس پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے نام سے رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ”ایئر پاکستان“ کے پاس کسی بھی ملک میں لینڈنگ رائٹس موجود نہیں ہیں۔
صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے عارف حبیب کنسورشیم نے فوری طور پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس طلب کیا، جس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ قومی ایئر لائن کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن فروری 2026 میں جاری کیا جائے گا کیونکہ اس پراسس کے لیے دو ماہ سے زائد وقت درکار ہوتا ہے۔
بورڈ اجلاس کے بعد حتمی طور پر طے پایا کہ ایئر لائن کا نام پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) ہی برقرار رکھا جائے گا تاکہ بین الاقوامی پروازوں اور لینڈنگ رائٹس کے حوالے سے کسی قسم کی تکنیکی یا قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق عوامی ردعمل اور عالمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنسورشیم نے یہ فیصلہ قومی مفاد میں کیا ہے۔