امن کے سفیر کا حوصلہ دہشت گرد پست نہ کرسکے، تیراہ کا عبدالرزاق آفریدی مثال بن گیا

image

کچھ لوگ اس دنیا ایسے بھی ہوتے ہیں جن کو اپنے غم سے زیادہ دوسروں کے درد کی فکر ہوتی ہے اور جب بھی ان کے آس پاس کوئی بھی تکلیف میں ہوتا ہے تو وہ ان کی تکلیف دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی ایک ایسی مثالی شخصیت ہیں، جنہوں نے خود کو پریشان حال لوگوں کے لیے وقف کررکھا ہے، ضلع خیبر کے قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے عبدالرزاق آفریدی، جن کا اپنا گھر بھی اس وقت دہشت گردوں کے حملوں کے بعد غیر محفوظ ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کیلیے وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے، ایک طرف وادی تیراہ میں آپریشن کی آگ تو دوسری جانب نقل مکانی میں مجرمانہ سستی، اور تیسری جانب حکومت کی نااہلی جہاں پر لوگ گزشتہ کئی دنوں سے اس سخت سردی میں روڈ پر ہیں، جن کوں کوئی بنیادی سہولت میسر نہیں ہے۔

ایسے میں حکومت کے ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نقل مکانی کرنے والے لوگوں کیلیے بنیادی سہولیات فراہم کریں، ایسے میں حکومت سے پہلے عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے صدر اور سفیر امن عبدالرزاق آفریدی نے کمرکس لی اور بے گھر افراد کیلیے میدان میں کود پڑے، رواں ماہ تیراہ میں عبدالرزاق آفریدی کے کروڑوں روپے مالیت کے گھر کو دہشت گردوں نے بارودی مواد سے اڑا دیا تھا۔

قبل ازیں 2024 میں بھی اسی گھر کو جلا دیا گیا تھا، ایسے میں جب ان کا اپنا گھر ہی دہشت گردی کا شکار ہوا، انہوں نے اپنا غم درد بھلا کر وادی تیراہ میں آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی حدمت کیلیے آگے آئے، تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں میں لاکھوں روپے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر موجود لوگوں کو خوراک اور دیگر اشیاء فراہم کیں۔

عبدالرزاق آفریدی کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے وجہ سے میرے گھر کو دو بار نشانہ بنایا گیا جب پہلی مرتبہ میرے گھر کو بارودی مواد سے اڑایا گیا، تو اس کے ساتھ ہی انہیں بار بار دھمکیاں بھی دی گئیں کہ وہ امن کی جدوجہد سے دستبردار ہو جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے علاقے میں قیام امن کیلیے کسی دباؤ یا دھمکی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے امن کے مشن سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، آج انہی امن پسندانہ اور اصولی کوششوں کے نتیجے میں ان کے حجرے کو بھی دھماکوں کا نشانہ بنادیا گیا۔

یہ وہ قربانیاں ہیں جو عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت برسوں سے علاقائی امن و امان کے قیام کی خاطر کبھی جانوں اور کبھی مالی نقصان کی صورت میں پیش کرتی آ رہی ہے، مگر اس کے باوجود امن کا علم سر بلند رکھا گیا ہے۔

عبدالرزاق آفریدی نے کہا کہ متاثرین کی بے ترتیب واپسی، انتظامیہ کی سستی اور ناقص منصوبہ بندی صوبائی حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ پائندہ چینہ میں قائم تیراہ میدان متاثرین کے رجسٹریشن پوائنٹ پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں سست اور غیر موثر رجسٹریشن عمل کے باعث متاثرین کو دو دو اور تین تین راتیں سڑکوں اور راستوں میں گزارنا پڑ رہی ہیں۔ جو کام حکومتوں کو کرنا چاہیے وہ یہاں پر ہم اپنی مدد اپ اور فلاحی تنظیموں کے ذریعے کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تو رجسٹریشن کرنے میں ناکام رہے وہ لوگوں کو دیگر سہولیات کیا فراہم کرے گی، ہم نے خدائی حدمت گار تنظیم کے تحت سڑکوں پر موجود لوگوں کو خوراک کی اشیاء اور لاکھوں روپے نقد تقسیم کیے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے لوگ ہیں آج اگر ہم ان کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑے نہیں ہوئے تو کب کھڑے ہوں گے۔

تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں اگر نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ کوئی کھڑا ہے تو وہ امن کا سفیر عبدالرزاق آفریدی ہے، وہ بھی ایسے حالات میں جہاں ان کی اپنی جان کو دہشت گردوں کی جانب سے شدید خطرہ ہے، ان کے کروڑوں روپے کا گھر دہشت گردوں نے تباہ کیا مگر انہوں نے اپنے درد اور غم کو بھلا کر تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے ان بے بس لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوگیا جن کے سر پر اس سخت موسم میں چھت تک میسر نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US