سینئر پاکستانی اداکار، ہدایتکار اور رائٹر شمعون عباسی نے اپنی بیٹی انزیلا عباسی سے اختلافات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے درمیان کبھی مکمل لاتعلقی نہیں رہی تاہم وقت کے ساتھ ایک عجیب سا فاصلہ ضرور پیدا ہو گیا تھا۔
شمعون عباسی حال ہی میں پوڈکاسٹ میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، سابق اہلیہ جویریہ عباسی اور بیٹی انزیلا سے تعلقات کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی معاملات کو پوڈکاسٹس پر زیرِ بحث لانے کے خلاف ہیں لیکن اپنے خلاف لگنے والے الزامات کا جواب دینا اپنا حق سمجھتے ہیں۔
شمعون عباسی نے کہا کہ وہ اور جویریہ عباسی 13 سال تک ساتھ رہے اور اس دوران دونوں نے ایک دوسرے کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کے مطابق ایک وقت ایسا آیا جب علیحدگی ہو گئی لیکن وہ کبھی بھی اپنی بیٹی سے دور نہیں رہے اور پاکستان ہی میں مقیم تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اس وقت تشویش ہوئی جب انزیلا کی طرف سے سالگرہ یا نئے سال کی مبارکباد تک آنا بند ہو گئی اور پیغامات کا جواب نہیں ملتا تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹی کی شخصیت میں آنے والی تبدیلیوں نے بھی ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے بارے میں کوئی منفی بات سننا نہیں چاہتے تھے خاص طور پر ایک ایسے سخت انڈسٹری ماحول میں۔ اسی وجہ سے وہ خود کچھ حد تک پیچھے ہٹ گئے۔ تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان کا بیٹی سے مکمل تعلق ختم ہو چکا تھا۔
شمعون عباسی نے یہ بھی بتایا کہ وہ بیٹی کی شادی میں ایک حادثے اور سرجری کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکے تاہم اس معاملے پر انزیلا سے بات ہو چکی تھی اور وہ اس پر مطمئن تھیں لیکن بعد میں یہ موضوع سوشل میڈیا پر تنازع بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ انزیلا اور جویریہ دونوں ان سے بہتر زندگی گزار رہی ہیں سفر کر رہی ہیں اور خوشحال ہیں جس پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ان کی زندگی پُرسکون رہے تاہم ساتھ ہی مشورہ دیا کہ وہ انہیں اپنی گفتگو کا موضوع نہ بنائیں کیونکہ اس سے ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں سے توجہ ہٹتی ہے۔
شمعون عباسی نے مزید کہا کہ وہ لوگوں کے ذاتی معاملات کو پوڈکاسٹس پر کھولنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن چونکہ انہیں ولن بنا کر پیش کیا جا رہا ہے اس لیے وہ الزامات کا جواب دینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وضاحت کرنا ان کا حق ہے اور وہ مشکل سوالات سے بھاگنے والے نہیں ہیں۔