سابق اولمپئنز کا وزیراعظم سے ہاکی کے گرتے معیار کو بہتر کرنے کا مطالبہ

image

پاکستان کے سابق اولمپئنز شہناز شیخ اور سمیع اللہ نے پاکستان ہاکی کے گرتے معیار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہناز شیخ اور سمیع اللہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات کی انکوائری کروائے اور اقدام اٹھائے کہ پاکستان ہاکی کو مزید تنزلی کا شکار ہونے سے روکا جاسکے۔ شہناز شیخ جو پاکستان کی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو موجودہ حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن میں کچھ معاملات پر بہت زیادہ تناؤ ہے جس میں مالی معاملات شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا اب تک کم ڈیلی الاؤنسز ملنے کا مسئلہ حل نہیں ہوا اور دوسرا باہر کی ہاکی لیگز میں کھیلنے کے لیے این او سیز دینے میں ہچکچاہٹ بھی شامل ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ کھلاڑیوں نے یہ تک دھمکی دی ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ سے پہلے اگر ان کے ڈیلی الاؤنسز اور این او سیز کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ ٹیم میں نہیں جائیں گے۔

شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے ساتھ گزشتہ 20 سال سے کھلواڑ ہو رہا ہے، اور مختلف ادوار میں مختلف لوگوں نے اس کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا ان لوگوں میں سیاسی اور غیر سیاسی لوگ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہاکی کے معاملات ٹیکنوکریٹس کے حوالے نہیں کیے جائیں گے اور پی ایچ ایف کے مالی معاملات بہتر نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک پاکستان ہاکی میں بہتری نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف پیٹرن ہیں اور وہی ایسے فیصلے کرسکتے ہیں جو پاکستان ہاکی کے لیے مثبت ہوں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US