اڈیالہ جیل کے سابق سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم کے دور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ڈیڑھ سال کے دوران مجموعی طور پر 25 مرتبہ طبی معائنہ کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق 29 اگست 2025 کو بینائی میں کمی کی شکایت پر پہلی بار پمز اسپتال کے شعبہ امراض چشم کے سربراہ ڈاکٹر عارف نے عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کے بعد جنوری 2026 میں بھی دو مرتبہ آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ عبدالغفور انجم نے 16 جنوری کو بطور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل چارج چھوڑنے کے روز بھی پمز کی تین رکنی میڈیکل ٹیم سے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کروایا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سابق سپرنٹنڈنٹ پر مبینہ غفلت کے الزامات عائد کیے تھے تاہم دستیاب ریکارڈ کے مطابق ان کے دور میں متعدد مرتبہ میڈیکل چیک اپ کرائے گئے۔