پاکستان کو مالی ریلیف، اماراتی ڈپازٹ رول اوور 17 اپریل تک بڑھا دیا گیا

image

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو مزید دو ماہ کے لیے رول اوور کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جو 17 اپریل 2026 تک مؤثر رہے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ توسیع اس وقت دی گئی جب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں اماراتی حکام سے براہِ راست رابطہ کیا۔ مختصر مدتی توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی گئی ہے، جبکہ باقاعدہ منظوری جلد متوقع ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان جاری تیسرے جائزہ مذاکرات کے دوران اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ کی توسیع ختم ہونے میں صرف چند دن باقی تھے کہ نئی مدت کی منظوری سامنے آگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رجوع کرے گا۔ یاد رہے کہ جنوری میں بھی میعاد ختم ہونے پر ایک ماہ کی توسیع دی گئی تھی جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ نائب وزیراعظم اس معاملے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور اماراتی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض دینے والے ملک کے اختیار میں ہوتا ہے، تاہم پاکستان کی کوششوں سے یہ توسیع یقینی بنائی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US