پنجاب میں دس غیر معیاری ادویات کی فروخت کے انکشاف کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ان ادویات کے استعمال اور فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ میڈیکل اسٹورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ متعلقہ بیچ نمبرز کی ادویات فوری طور پر فروخت سے ہٹا دی جائیں۔
ذرائع کے مطابق الرجی کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا ڈیزی، دل کے امراض کے لیے استعمال ہونے والی ایسکاڈ، الرجی کی ادویات سیفی زائین اور روزن، آنکھوں کے امراض کے لیے ڈراپس نیفن اور ہاتھ و پاؤں کی باریک نسوں کے علاج کے لیے ایک انجکشن غیر معیاری قرار پائے ہیں۔
ڈریپ نے کہا کہ یہ ادویات لاہور اور کراچی میں تیار کی گئی تھیں اور متعلقہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ بیچ نمبرز کی ادویات استعمال نہ کریں اور کسی بھی مضر اثرات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔