رمضان المبارک کی آمد سے قبل بازاروں میں سموسے، کچوری اور جلیبی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ آلو کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر آلو سستا ہو گیا ہے تو پھر سموسہ مہنگا کیوں ہو رہا ہے؟
نجی ٹی وی کے مطابق مختلف شہروں میں سموسہ اس وقت کہیں 40 روپے تو کہیں 70 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
تاہم دکانداروں کی جانب سے عندیہ دیا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سموسے کی قیمت 100 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی بنیادی اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں اور اب سادہ سموسہ بھی غریب کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صرف سموسہ ہی نہیں بلکہ گرم گرم کچوری اور میٹھی جلیبی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو افطار کی روایتی اشیا خریدنا مشکل ہو جائے گا۔