غزہ پیس بورڈ میں شامل اسلامی ممالک اسرائیلی حملے رکوائیں، خالد القدومی

image

ترجمان حماس ڈاکٹر خالد القدومی نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے ذریعے غزہ میں نسل کشی کی مہم روکنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جنگ بندی کے لیے بنائے گئے تمام ادارے ابہام کا شکار ہیں، غزہ امن بورڈ اور دیگر ادارے کس طرح کام کریں گے یہ ابھی تک واضح نہیں۔

انہوں نے کہا اسرائیل مسلسل جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہر روز غزہ میں معصوم فلسطینیوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ غزہ پیس بورڈ میں شامل اسلامی ممالک جنگ بندی کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور اسرائیلی حملے رکوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے غزہ کے بارے انتہائی خوفناک انکشافات کیے، غزہ میں ایسے امریکی بم استعمال کیے گئے جو 3500 سینٹی گریڈ تک حرارت پیدا کرتے ہیں، ان بموں کی وجہ سے ہزاروں فلسطینیوں کے لاشے فضا میں تحلیل ہوگئے۔

ہم غزہ میں 72 ہزار سے زائد شہید سمجھتے تھے لیکن اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دو لاکھ سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے کردار سے مطمئن ہیں۔ غزہ اور فلسطین کیلیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی غزہ کی تعمیر نو اور انتخابات کی راہ ہموار کرے گی، غزہ سے باہر گئے ہوئے فلسطینی اب واپس آ رہے ہیں۔ فلسطینی شہید ہوجائیں گے لیکن کبھی بھی اپنا وطن غزہ نہیں چھوڑیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US