پاکستان میں سمندری حیات کے تحفظ کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی منظوری

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو جی ای ایف سے 30 لاکھ امریکی ڈالر کی فنڈنگ منظور ہو گئی ہے جس کا مقصد ملک کی سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

منظور شدہ فنڈنگ میں سے 12 لاکھ ڈالر سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور 18 لاکھ ڈالر ساحلی ماحولیاتی نظام کی بحالی اور بہتری پر خرچ کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ قومی ترجیحات کے مطابق ماحولیاتی بہتری اور معاشی ترقی کو یکجا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ماہی گیری کے شعبے میں جامع اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام کے اقدامات تیز کیے جائیں گے،701 ٹونا فشنگ کشتیوں کی مانیٹرنگ اور ڈیٹا نظام جدید بنایا جائے گا،غیر رجسٹرڈ لینڈنگ سائٹس کی نگرانی کے لیے پالیسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اوورفشنگ اور شکار کے بعد نقصانات کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر مینجمنٹ طریقہ کار اپنایا جائے گا، میرین پروٹیکٹڈ ایریاز قائم کیے جائیں گے، اور بائی کیچ میں کمی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ شفافیت، ٹریس ایبلٹی اور جدید انفراسٹرکچر پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

مزید برآں ماہی گیروں کی معاشی حالت بہتر بنانے اور انہیں عالمی منڈی تک رسائی فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں (آئی او ٹی سی) اور جی 16 ممالک کے ساتھ ہم آہنگی مضبوط کی جائے گی تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق پائیدار ماہی گیری کو فروغ دیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US