وزیراعظم نے 38 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا

image

وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا، جس کے تحت مستحق خاندانوں کو فی کس 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔

رمضان ریلیف پیکج کے اجرا کی تقریب میں سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال امدادی رقم بڑھا کر 13 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکج کا بنیادی مقصد مستحق افراد کو باعزت اور شفاف طریقے سے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال رمضان پیکج کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جبکہ اس سال اس رقم کو بڑھا کر 38 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ 2025 میں مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے، تاہم اب رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق امدادی رقم مستحق خاندانوں کو براہ راست بینکوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ وزرا پر مشتمل کمیٹی پیکج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی جبکہ وزیراعظم خود بھی نظام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مستحقین تک امدادی رقم پہنچائی گئی تھی اور اس سال مزید مؤثر اور شفاف نظام اپنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مستحق خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US