گجرات میں 2 ہزار کا چلان ہونے پر بزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

image

گجرات میں ایک 60 سالہ بزرگ شہری کو موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جس کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے شہری کی موت ہو گئی۔ واقعہ اولڈ جی ٹی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں شہری نے جرمانہ نہ ہونے کی درخواست کی تھی لیکن پولیس نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق طاہر بیگ نامی 60 سالہ بزرگ شہری موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ ٹریفک پولیس نے انہیں روک کر ہیلمٹ نہ پہننے پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ متوفی نے اہلکاروں سے کہا کہ ان کے پاس جرمانے کی رقم موجود نہیں اور اسے معافی دی جائے، لیکن پولیس نے درخواست قبول نہ کی۔

جرمانہ جمع کرانے کے لیے طاہر بیگ اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر پیدل جی ٹی ایس چوک کی طرف روانہ ہوئے، جہاں چند میٹر کے فاصلے پر گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

عینی شاہدین نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پہنچ کر چیک اپ کے بعد انہیں مردہ قرار دیا اور لاش کو عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا۔

گجرات پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بزرگ شہری کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ اے بی ایس ٹی ایچ کے ڈاکٹروں نے بھی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی۔ ڈی پی او گجرات نے ایس پی (انوسٹی گیشن) کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US