عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ 25 فروری سے 11 مارچ تک معاشی مذاکرات ہوئے جن میں معیشت کی بہتری، اصلاحاتی اقدامات اور مالیاتی استحکام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اصلاحاتی ایجنڈے پر مثبت پیش رفت کی ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی پیشرفت کو سراہا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ تاحال نہیں ہو سکا تاہم مذاکرات میں مجموعی طور پر مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات کے دوران مالیاتی خسارے میں کمی اور سرکاری مالیات کو مستحکم بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کے حوالے سے پاکستانی معاشی ٹیم سے گفتگو کی گئی۔
آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔