سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک دل دہلا دینے والی اسٹوری تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے ہزاروں لوگوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ سرگودھا سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالبعلم عمر فاروق باجوہ کا ہے، جنہوں نے اپنی شدید بیمار والدہ کی جان بچانے کے لیے اپنی جان کی قربانی دے دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'رن وے پاکستان' کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق عمر فاروق کی والدہ جگر کے شدید مرض میں مبتلا تھیں۔ ان کی زندگی بچانے کے لیے جگر کی پیوندکاری ناگزیر تھی، جس پر عمر فاروق باجوہ نے اپنی والدہ کو جگر کا حصہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
جگر کی پیوندکاری کا یہ آپریشن لاہور کے شیخ زید اسپتال میں کیا گیا، جس کا مقصد ان کی والدہ کو زندگی کا دوسرا موقع دینا تھا۔ تاہم افسوسناک طور پر آپریشن کے بعد پیچیدگیوں کے باعث عمر فاروق باجوہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
نوجوان بیٹے کی اس عظیم قربانی کی داستان سوشل میڈیا پر ہزاروں دلوں کو چھو گئی ہے اور لوگ اسے ماں سے اولاد کی بے لوث محبت کی مثال قرار دے رہے ہیں۔
عمر فاروق باجوہ نے اپنی ماں کی زندگی بچانے کے لیے اپنے جسم کا ایک حصہ عطیہ کیا، لیکن وہ خود اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ سوشل میڈیا صارفین مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی جبکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کر رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ماں اور بیٹے کے درمیان بے مثال محبت اور قربانی کی ایک دل کو چھو لینے والی مثال ہے۔