وزیرداخلہ کی زیر صدارت اجلاس، شہری سہولتوں کی بہتری کیلیے اہم فیصلے

image

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان اور شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے 109 انٹری پوائنٹس کو بتدریج کم کرکے 25 تک لایا جائے گا جبکہ ریڈ زون کو عملی طور پر فعال بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ وزیر داخلہ نے اس حوالے سے موثر حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ناکوں اور انٹری پوائنٹس پر سخت نگرانی کے ذریعے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناکے صرف برائے نام نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ان کی حقیقی افادیت نظر آنی چاہیے۔

وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شہر میں سہولتوں اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں شہر کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنرز کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بڑی شاہراہوں سے غیر ضروری سامان فوری طور پر ہٹانے کا حکم بھی دیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ انتظامی عملے کو شہر کی ترقی اور قانون کی عملداری کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US