لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے آج ایک اہم اقدام کرتے ہوئے 170 پاکستانی مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
بیروت میں پاکستانی ایمبیسی نے نئی امریکی سفارتخانے کی عمارت کی تعمیر پر کام کرنے والے 170 پاکستانی مزدوروں کا انخلا کرایا۔ یہ مزدور امریکن ایمبیسی کے نئے کمپلیکس کی تعمیراتی سائٹ پر کام کر رہے تھے۔
سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا کہ مزدوروں کا انخلا متعلقہ کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔
حکام کے مطابق تمام پاکستانی مزدوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور سفارتخانہ ان کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔