حکومتی بچت مہم: سرکاری ملازمین اور اداروں کی تنخواہوں میں مرحلہ وار کٹوتی کا فیصلہ

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی بچت اقدامات، ان کے نفاذ اور عوامی ریلیف کے لیے وسائل کے استعمال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز اور خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں مرحلہ وار 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی کی جائے گی جس سے حاصل ہونے والی رقوم عوامی فلاح کے منصوبوں میں استعمال ہوں گی۔

مزید یہ طے پایا کہ کارپوریشنز اور دیگر اداروں کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندے بورڈ میٹنگز میں شرکت کی فیس وصول نہیں کریں گے اور یہ رقم بھی بچت میں شامل ہوگی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں 23 مارچ کی تقریبات انتہائی سادگی سے منائی جائیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر ہفتہ وار چار روزہ ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہ اپنے معمول کے مطابق فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

اجلاس میں آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری گاڑیوں کے لیے 50 فیصد تیل کی کمی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا۔سرکاری خریداریوں پر پابندی اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل روک بھی اجلاس میں شامل رہی۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کی تنخواہیں بھی عوامی فلاح کے لیے بچت کے طور پر استعمال کی جائیں گی جبکہ بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سادگی اور کفایت شعاری کے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے اور سیکریٹریز روزانہ کی بنیاد پر جائزہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء عطاءاللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US