راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے دلہن کو گرفتار کر لیا جبکہ دلہا موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق دلہن ثناء شہریار بغیر لائسنس اسلحہ کے ساتھ فائرنگ کررہی تھی۔ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جس کی ویڈیو بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دلہے نے دلہن کو پستول فراہم کیا جبکہ فوٹوگرافر کی ہدایت پر دلہن نے ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد دلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود لیڈی کانسٹیبل نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے پستول اور گولیاں برآمد کر لی ہیں جبکہ مفرور دلہے کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار دلہن کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ اہل خانہ کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست عدالت نے منظور کرتے ہوئے اسے رہا کردیا۔