ضلع کیماڑی کے تھانہ اتحاد ٹاؤن کی حدود میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق کربلا گراؤنڈ کے قریب پولیس کی موجودگی پر 4 مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے اور 2 موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک رائفل، ایک پستول، ایمونیشن، 2 موبائل فونز، 3 شناختی کارڈز اور 2 لاکھ 19 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے پولیس سے مشابہ لباس پہن رکھا تھا اور ان کا تعلق ایک بین الصوبائی گروہ سے تھا جو بلدیہ ڈویژن کے تاجروں سے بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ برآمد شدہ ایک موبائل فون میں بیرون ملک نمبر پر فعال واٹس ایپ اکاؤنٹ بھی ملا ہے، جسے بھتے کی کالز کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔
ہلاک ہونے والے ایک ملزم کی شناخت محمد ادریس ولد راجہ شیراز کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف کراچی اور پنجاب میں 17 سے زائد مقدمات درج ہیں، جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ مذکورہ گروہ کے خلاف اتحاد ٹاؤن اور سعید آباد تھانوں میں بھتہ خوری، فائرنگ اور پولیس یونیفارم میں موٹر سائیکل چھیننے کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔