ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ نیٹ ورک بے نقاب، 3 ملزمان گرفتار

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ اور سائبر بلیک میلنگ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا پر جعلی پروفائلز بنا کر شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے اور بعد ازاں انہیں بلیک میل کرتے تھے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد کرلیے گئے، جبکہ تفتیشی ٹیم نے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک متاثرہ شہری سے بلیک میلنگ کے ذریعے لاکھوں روپے وصول کیے۔

این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US